راولپنڈی(آن لائن) عسکری قیادت نے نے واضح کیا ہے کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے مذموم پروپیگنڈہ کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا اور اس کے نتیجے میں ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہونگے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 259ویں کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ دہشتگرد جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، وہ، اْن کے سہولت کاروں اور اْن کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹیگی۔ کانفرنس کے شرکاء نے 6ستمبر کو ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا ء کوبھرپور طریقے سے منانے پر پاک فوج نے اپنی قابلِ فخر قوم کا شکریہ ادا کیا۔کورکمانڈرز کانفرنس میں ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے بارڈر اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا۔کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ ملک میں معاشی سرگرمیاں جو اس وقت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)کی زیر نگرانی جاری ہیں، اْس کی مکمل حمایت کی جائے گی۔ ایسی تمام سرگرمیاں جو معاشی استحکام اور غیر ملکی سر مایہ کاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی۔آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا“،انہوں نے اپنے فوجیوں کی فلاح و بہبود اور حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل توجہ دینے پر کمانڈرز کی تعریف کی جو فوج کی آپریشنل تیاری کی بنیاد ہے۔ کانفرنس کے شرکا ء نے ہر قسم کے بلواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔کانفرنس کے شرکاء کو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔کانفرنس نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اور سول سوسائٹی کے شہداء جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اْن کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔کانفرنس میں کہا گیا کہ ریاست پاکستان،مسلح افواج کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں ۔اس موقع پر شہداء کے ایصال وثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
Load/Hide Comments



