پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا

کراچی (آن لائن)آرمی چیف کی تاجروں اور ملاقات اور ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی نوید اور الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ جلد دینے کی خبروں کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا،کے ایس ای100انڈیکس 394پوائنٹس اضافہ کے بعد 45700پوائنٹس کی حد بحال کرگیا،کاروباری میں تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمایہ میں 43ارب روپے کا اضافہ ہوا،تاہم حصص کی کاروباری مالیت اور حجم جمعہ کے مقابلہ میں کم رہا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کے پہلے روز مارکیٹ میں تیزی رہی،تجزیہ کاروں کے مطابق آرمی چیف کیتاجروں سے ملاقات میں ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی امید دلانے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ جلد دینے کے امکانا ت کے باعث مارکیٹ میں بہتری دیکھی گئی، گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 394پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جس سے انڈیکس 45312پوائنٹس سے بڑھ کر45707پوائنٹس ہو گیا،164پوائنٹس اضافہ سے کے ایس ای30انڈیکس 16087پوائنٹس سے بڑھ کر16252پوائنٹس ہو گیا، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس210پوائنٹس اضافہ سے 30243پوائنٹس سے بڑھ کر30454پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایم آئی30انڈیکس 950پوائنٹس اضافہ سے76275پوائنٹس تک آگیا،گذشتہ روز مارکیٹ کے سرمائے میں 43ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 67کھرب62ارب روپے سے بڑھ کر 68کھرب 5ارب روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز4ارب47کروڑ روپے مالیت کے 13کروڑ سے زائد حصص کا لین دین ہوا جبکہ جمعہ کے روز 4ارب46کروڑ روپے مالیت کے16لاکھ سے زائد حصص کا لین دین ہوا تھا۔مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر 313کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے187کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،105میں کمی اور21کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا،کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام، الشہیر گروپ،دیوان موٹرز، پی آئی اے،لال پیر پاور،پاک ریفائنری،سینرجیکو پی کے،نشاط چونیاں،کوٹ ادو پاور، اور پاک پٹرولیم کے سودے نمایاں رہے، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ میں 31.31روپے کا اضافہ ہوا جس سے اسکے حصص کی قیمت1298.30روپے ہو گئی،23.98روپے کے اضافے سے العباس شوگر کے حصص کی قیمت 504.99روپے پر جا پہنچی جبکہ محمود ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 47.55روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت 586.45روپے ہو گئی جبکہ 27.58روپے کی کمی سے آرکروما پاک کے حصص کی قیمت454.42روپے پر آ گئی.