مونس الٰہی کے بینک اکاونٹس میں لاکھوں غیر ملکی کرنسی منتقل ہونے کا انکشاف

لاہور(آن لائن)چوہدری پرویز الٰہی کے وزیراعلی بننے کے بعد مونس الہی کے بینک اکاونٹس میں لاکھوں غیر ملکی کرنسی منتقل ہونے کا انکشاف ہواہے۔مونس الہی کے خلاف نیب انکوائری رپورٹ میں انکشافات ہوئے ہیں کہ پرویز الہی کے وزیراعلی بننے کے بعد مونس کے مختلف اکاونٹس میں 82 کروڑ سے زائد رقم جمع ہوئی۔نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ مونس الہی کے اکاونٹس میں 10 لاکھ 84 ہزار یوروز جب کہ ایک لاکھ پاونڈ اور پاکستان سمیت دیگر کرنسی بھی منتقل کی گئی۔رپورٹ کے مطابق گجرات میں مختلف ٹھیکوں کے دوران بھی رقم مونس الہی کے اکاونٹس میں جمع ہوئی، منتقل کی گئی رقم بظاہر رشوت اور کک بیکس کی ہے۔نیب رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پرویز الہی کی بہو زہرہ الہی نے بھی گجرات میں 153 ملین روپے سے 748 کنال اراضی خریدی، البتہ مونس الہی تاحال کیس میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔