16 ماہ میں جس طرح پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب عوام کو مہنگائی سے بچائیں گے: مریم نواز

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے پارٹی کے پنجاب ویمن یوتھ ونگ کی رہنماؤں اور عہدیداروں نے ملاقات کی۔ پنجاب کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے خواتین رہنماؤں اور عہدیداروں کے وفود نے مریم نوازشریف سے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں پارٹی کے خواتین یوتھ ونگ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے اپنے اپنے اضلاع میں پارٹی سرگرمیوں اور تنظیم کی کاکردگی سے متعلق مریم نوازشریف کو آگاہ کیا۔ مریم نوازشریف نے ویمن یوتھ ونگ کی عہدیداروں اور کارکنان کے جذبے کو سراہا۔ گھنٹے تک مسلسل جاری رہنے والے اجلاس میں انٹرویوز کئے گئے اور خواتین کو مستقبل کے لئے گائیڈلائنز دی گئی۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے جب اپنی جماعت میں خواتین کو اپنے شانہ بشانہ کھڑا دیکھتی ہوں، میری خواہش ہے کہ آئندہ الیکشن میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو زیادہ سے زیادہ پارٹی ٹکٹ دئیے جائیں کیونکہ قوم کا مستقبل یہی لڑکے اور لڑکیاں ہیں یہی پاکستان کو حقیقی معنوں میں مضبوط ملک بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نوجوان لڑکیوں کی مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے فرنٹ فٹ پر آنا حوصلہ افزا بات ہے، تعلیمی اداروں کی طالبات مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ کو ہی پسند کرتی ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں نون لیگ اور نواز شریف کے جانثار ہیں، مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ نے ہمیشہ نوجوانوں کو با اختیار بنایا ہے، اس کی سب سے بڑی مثال نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور باعزت روزگار کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایم ایس ایف کو فعال قوت میں بدل دیا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں سب سے بڑی یوتھ اور خواتین کی جماعت بن چکی ہے، خواتین اور نوجوان ملک کی فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ 16 ماہ میں جس طرح پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب عوام کو مہنگائی سے بچائیں گے، دْکھ ہے کہ عوام کو مہنگائی، بجلی کے بل میں اضافے جیسی مشکلات کا سامنا ہے، وزیراعظم نوازشریف نے عوام کو مہنگائی، دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی، وزیراعظم نوازشریف ہی ایک بار پھر عوام کو مہنگائی، بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچا ئیں گے، نوازشریف کی دی ہوئی ترقی کا عمل نہ روکا جاتا تو آج غریب عوام کی آنکھوں میں آنسو نہ ہوتے، وزیراعظم نوازشریف ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے۔ ویمن یوتھ ونگ کی عہدیداروں نے مریم نوازشریف کی قیادت میں پارٹی سرگرمیوں میں تیزی پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے تمام مسائل نے ”پروجیکٹ عمران“ کے چار سالہ دور فسطائیت سے جنم لیا۔ عوام کے حقیقی منتخب نمائندے ہی ایک ایسی حکومت کو جنم دیں گے جو مہنگائی کے عفریت کو قابو کر کے ترقی و خوشحالی کے دور کو شروع کر سکتے ہیں، مہنگائی کے جن کو ویسے ہی بوتل بند کر سکتے ہیں جیسے لوڈشیڈنگ، دہشت گردی اور کراچی کی لاقانونیت کو ختم کیا تھا۔