لندن(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف اکتوبر میں پاکستان آئیں گے اور انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔لندن میں پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد قائد ن لیگ نواز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد طے پایا ہے کہ ہمارے قائد نواز شریف اکتوبر میں پاکستان آئیں گے۔سابق وزیراعظم نے نواز شریف کو مقدمات میں انصاف ملنے کی توقع سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ اللہ تعالیٰ بعض ججوں کو ہدایت عطا فرمائے اور میں ان سے یہ پوچھنا چاہتاہوں کہ جس بینچ نے پانامہ سے اقامہ کا فیصلہ کیا اور سب جانتے ہیں کہ پانامہ میں دور دور تک نواز شریف کا نام نہیں تھا جو 400 یا 450 پاکستانیوں کے نام تھے، جن میں کئی اور سیاست دان بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پانامہ میں نام نہیں تھا لیکن بے بنیاد طور پر سازش کے ذریعے نواز شریف کو پانامہ میں ملوث کیا گیا اور جو دیگر لوگ جن کا پانامہ میں نام تھا ان کا آج تک کسی نے نہیں پوچھا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان واپس آکر قانون کا سامنا کریں گے، اس میں کوئی دو رائے نہیں، شفاف احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ ہماری پارٹی کا مؤقف بڑا واضح ہے، ہم نے آئین کی روح کے مطابق اسمبلیاں تحلیل کیں اور اس کے بعد یہ چیف الیکشن کمشنر کی قانونی اور آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابات کرائیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ہمارے پارٹی کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی ہے اور ہم سیاسی جماعت کے طور پر الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کریں گے تاکہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہو۔
Load/Hide Comments



