پاکستان دہشت گردی کے خلاف دفاعی مورچہ کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے، آرمی چیف

راولپنڈی (آن لائن) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف دفاعی مورچہ کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے، عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی، امریکہ کے 9 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 38 طلباء کا گروپ جو پاکستان کے دورے پر ہیں، نے گزشتہ روز جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے ۔ آرمی چیف نے گفتگو کے دوران طلباء کو علاقائی سلامتی کے مسائل اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاک فوج کے کردار بارے آگاہ کیا۔انہوں نے پاکستان کی بھرپور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں قیام کے دوران اپنے تجربات کی بنیاد پر پاکستان کو دیکھیں۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک دفاعی مورچہ کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی مصائب اور مظالم اور آبادیاتی حقائق کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔طلباء نے تعمیری بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔