الیکشن کمیشن مشاورت جاری رکھے گا لیکن فیصلے آئین کے مطابق ہوں گے،ذرائع الیکشن کمیشن

اسلام آباد (آن لائن)الیکشن کمیشن نے قبل از وقت انتخابی فہرستوں کی تکمیل سے معذرت کر تے ہوئے دوٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ انتخابی شیڈول حلقہ بندیاں مکمل کرنے کے بعد ہی جاری کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے و فد نے الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی ہے۔ملاقات کی اندرونی کہا نی کے مطابق الیکشن کمیشن اور ن لیگ کے وفد کی دو گھنٹے ملاقات جاری رہی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ن لیگ کے وفد کو ورکنگ لنچ بھی کروایا گیا۔ذرئع کے مطابق ن لیگ نے حلقہ بندیوں کے ساتھ ساتھ انتخابی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کی بھی تجویز دی۔الیکشن کمیشن حکا م نے لیگی وفد کو بریفنگ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے ساتھ انتخابی فہرستوں کی تجدید کا کام پہلے ہی شروع کر چکا ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق کمیشن نے قبل از وقت انتخابی فہرستوں کی تکمیل سے معذرت کر لی ہے اور دوٹوک موقف اپنایا کہ انتخابی شیڈول حلقہ بندیاں مکمل کرنے کے بعد ہی جاری کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کمیشن نے صدر مملکت سے مشاورت کے معاملے پر اعظم تارڑ اور زاہد حامد سے سوالات کیے، زاہد حامد اور اعظم تارڑ نے الیکشن کمیشن کو قانونی پہلو ؤ ں سے آگاہ کیا۔ن لیگ نے چند حلقوں میں ووٹرز کی تعداد پر تجاویز دیں۔ن لیگ کو انتخابی نتائج سے متعلق نئے سسٹم کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن مشاورت جاری رکھے گا لیکن فیصلے آئین کے مطابق ہوں گے۔