پاکستان حالیہ عرصے میں معاشی دباوکا شکار رہا ہے، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

اسلام آباد(آن لائن)ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نیقائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایاہے کہ پاکستان حالیہ عرصے میں شدید معاشی دباوکا شکار رہا ہے،کمرشل بینک ایل سیز کھولنے کیلئے ایک دوسرے سے ڈالر خریدتے ہیں، امید ہے نگران حکومت موجودہ صورت حال کو دیکھ رہی ہوگی۔سینیٹرسلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں شرکا کو دوران بریفنگ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ایکس چینج ریٹ جلد مستحکم ہو جائے گا۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ کمرشل بینک ایل سیز کھولنے کیلئے ایک دوسرے سے ڈالر خریدتے ہیں، امید ہے نگران حکومت موجودہ صورت حال کو دیکھ رہی ہوگی۔ اس حوالے سے اقدامات لیے جانے کا امکان ہے۔سینیٹرکامل علی آغا نے کہا کہ نگران حکومت آنے کے بعد مارکیٹ میں ڈالر 23 روپے مہنگا ہوگیا، ہمیں اس کا کوئی جواب ہی نہیں دیا جا رہا۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے اگلے اجلاس میں نگران وزیر خزانہ کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔خیال رہے کہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قیمت 63 پیسے بڑھ گئی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹربینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت 299.01 روپے سے بڑھ کر 299.64 روپے ہوگئی۔