پرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے،انوار الحق کاکڑ

کراچی (آن لائن) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عالمی معاہدوں کی پاسداری اور شفاف انتخابات کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،پرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے۔ہتھیار نہیں ڈالیں گے یہ ہمار ا اپنا گھر ہے اسے ہم اپنے انداز سے چلائیں گے۔کراچی میں کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کاروباری افراد کے تعاون کی ضرورت ہے۔ تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے،ٹیکس کے نتیجے میں محروم طبقات کی خدمت کرنا نصب العین ہے،اگر ہم یہ نصب العین پورا نہیں کرتے تو قوم کے مجرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کو نظر انداز کریں گے تو پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا،مجھے ساڑھے تین لاکھ تنخواہ دی جاتی ہے اور فیصلہ اربوں کا کرایا جاتا ہے۔ توانائی اور خوراک کی کمی کے مسائل کا سامنا ہے تاہم جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت ضروری ہے،تاجر ملک میں فنی تربیت کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں۔ہمیں قدرتی نعمتیں بیش بہا ملی ہوئی ہیں،ہمارے پاس 6 ٹریلین ڈالرز کے معدنی ذخائر ہیں۔ نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ نگران حکومت کے اختیارات محدود ہیں،نئے پارلیمان کے وجود تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ عالمی معاہدوں کیپاسداری اور شفاف انتخابات کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،پرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے۔ قبل ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا،جب سب کو یکساں انصاف ملتا ہے تو مملکت بھی قائم رہتی ہے۔مملکت کے دشمنوں کا پہلا وار انصاف کے نظام پر ہوتا ہے،اقلیتی برادری کا تحفظ کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ بعدا زان میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،انتہا پسندی کا کسی مذہب،زبان یا علاقے سے تعلق نہیں۔ ہتھیار نہیں ڈالیں گے یہ ہمار ا اپنا گھر ہے اسے ہم اپنے انداز سے چلائیں گے۔جنگیں فرد واحد نہیں قومیں لڑتی ہیں خارجیوں کے کھلا پیغام ہے کہ وہ ہمارے ساتھ لڑائی نہیں لڑ سکتے، ہم دہشتگردی کے خلا ف جنگ کسی خیرات پر نہیں لڑ رہے جو سمجھتا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ہمارے حوصلے پست ہوگئے ہیں یہ ان کی غلط فہمی ہے، انہیں یہ پتہ ہونا چاہے کہ ان کا واسطہ کس سے پڑ ا ہے۔ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے،انتہائی پسندی کے سامنے کسی بھی صورت میں اپنے آپ کو سرینڈر نہیں کریں گے،کل ایک اور المیہ ہو ا اور ہمارے 10جوان شہید ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ میرا علماء حق سے سوال ہے کہ آپ ناحق لوگوں کی جانوں کو قتل کرنے کی حمایت کریں گے؟انہوں نے کہا کہ بٹگرام چیئرلفٹ آپریشن کی کامیابی پر بے حد خوشی ہوئی ہے۔