راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے،معاشرے کے کسی بھی طبقے بالخصوص اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہا پسندانہ واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ملک دشمن قوتیں انارکی اور بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں لگی ہیں، نوجوا ن سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کے درمیان فرق کو سمجھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار سالانہ آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں پاکستان بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے 370 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے نے قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جو ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی میں بہت زیادہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں عوام میں دراڑ، عدم برداشت، بداعتمادی اور پرتشدد رویے پیدا کرنے اور اسے ہوا دینے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہیں تاکہ ملک میں انارکی اور بدامنی پھیلے ۔ انہوں نے کہا ضروری ہے کہ نوجوا ن سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کے درمیان فرق کو سمجھیں۔ جنرل عاصم منیر نے کہا شرکاء کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور مکمل طور پر ناقابل برداشت ہے۔ معاشرے کے کسی بھی طبقے خاص طور پر اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہا پسندانہ رویے پر مبنی ا س قسم کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ کے لحاظ سے ایک دوسرے کے لیے برابر ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آخر میں آرمی چیف نے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرنیز کی تعریف کی۔
Load/Hide Comments



