کچھ عناصر کی طرف سے 14 اگست کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا، ملک دشمنوں نے نو مئی کو پاکستان مخالف نعرے لگوائے،عطاء تارڑ

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ نے کی طرف سے بمقام ڈیرا عطا اللہ تارڑ پیر کوٹ نزد گکھڑ منڈی گوجرانوالہ پر یوم ازادی کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا اور منعقدہ تقریب میں عطا اللہ تارڑ نے پرچم کشائی کی اور میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مملکت خداداد اللہ تعالی کی طرف سے عطا کی گئی بہت بڑی نعمت ہے، یہ ملک پاک 27 رمضان کی مبارک رات کو معرض وجود میں آیا، عظیم اور لازوال قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا گیا، ملک کے لیے جان کا نظرانہ پیش کرنا بہت بڑی سعادت ہے، شہداء کی تعظیم اور تکریم ہر مسلمان پر لازم ہے، ہجرت کرنے والے مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم اج ازاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ عطااللہ تارڑ نے مزید کہا کہ کچھ عناصر کی طرف سے 14 اگست کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا، ملک دشمنوں نے نو مئی کو پاکستان مخالف نعرے لگوائے، شر پسندوں نے یوم آزادی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی، مہاجرین کی لازوال قربانیوں کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، ہم اس عظیم ملک کو نئے عزم، حوصلے اور امید کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، اپنے وطن عزیز کی خدمت کر کے اس مٹی کے قرض کو اتاریں گے، نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سبز پاسپورٹ کی عزت اور تکریم کو بڑھانے کے لیے ہماری حکومت نے بہت محنت کی، دوست ممالک نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہم ان کے شکر گزار ہیں، تاریخ ان لوگوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے 14 اگست پر بائیکاٹ کا اعلان کیا، اس ملک نے تاحیات قائم و دائم رہنا ہے۔