اسلام آباد(آن لائن)سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میڈیا خاص طور پر میڈیا ورکرز کو باضابطہ مبارک ہو۔ پرویز مشرف کی آمریت سے جنم لینے والے پیمرا کے سیاہ کالے قانون کو پیمرا(ترمیمی) بل 2023 کی صورت دستور پاکستان کی جمہوری و بنیادی انسانی حقوق کی حدود میں لے آئے ہیں۔اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 19 کو قانون کا حصہ بناکر اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنادیا ہے۔ دوماہ کے اندر (within) واجبات (Dues) کی ادائیگی نہ ہونے پر سرکاری اشتہارات کی بندش، پیمرا چیئرمین سے اختیارات کی کونسل آف کمپلینٹس کو منتقلی ہوگی۔ پی بی اے اور پی ایف یو جے کے نمائندوں کی کونسل میں شمولیت سمیت ایسے کئی اقدامات اب قانون بن چکے ہیں۔ مشاورت سے تیار ہونے والا یہ متفقہ قانون میڈیا ورکرز اور میڈیا ہاؤسز کی مشترکہ کامیابی ہے۔ اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے، ایمینڈ، پی ایف یو جے، آر آئی یو جے، وزارت اطلاعات اور پیمرا کے افسران سمیت تمام احباب کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے راہنمائی، معاونت اور مدد کی۔ وزیراعظم شہباز شریف، سابق کابینہ، پارلیمان کے تمام ارکان کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے یہ تاریخ ساز فیصلہ کیا۔
Load/Hide Comments



