فواد چوہدری نے نیا معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا

اسلام آباد(آن لائن)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیا معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری اور ان کے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے۔دوران سماعت فواد چودھری نے مؤقف اختیار کیا کہ آپ نے آرڈر میں کہا کہ معافی نامے میں میری لینگوئج درست نہیں تھی، میں اپنی لینگوئج درست کر کے معافی نامہ دوبارہ جمع کرا رہا ہوں۔سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے نیا معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔چیف الیکشن کمشنر نے سماعت 24 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت پر آرڈر کرتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ توہین الیکشن کمیشن کے معاملے پردوبارہ غیر مشروط معافی نامہ جمع کرا دیا ہے۔دیکھیں الیکشن کمیشن کیا فیصلہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات تو ابھی ہوتے نظر نہیں آرہے۔حلقہ بندیوں کی باتیں چل رہی ہیں۔اگر حلقہ بندیاں ہوتی ہیں تو اس کا مطلب ہے انتخابات وقت پر نہیں ہو رہے۔پی پی پی اور ن لیگ نے جو آئین کا حال کیا ہے سب کے سامنے ہے۔