اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا (ترمیمی) بل 2023 ء پر حمایت کی یقین دہانی کرادی۔منگل کے روز صدر مملکت سے پی ایف یو جے، اے پی این ایس، پی بی اے، سی پی این ای اور ایمنڈ کے نمائندوں نے ملاقات کی ہے،صدر مملکت نے ملاقات میں میڈیا ورکرز، صحافی برادری کو پیمرا ترمیمی بل پر اپنی حمایت کا یقین دلایا اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ، پیمرا قانون میں ترامیم متعارف کرانے پر میڈیا برادری کی اجتماعی کوششوں کو سراہا،صدر مملکت نے وفد کے ساتھ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیااورمعاشرے میں مکالمے اور خیالات کے آزادانہ تبادلے کی ضرورت پر زوردیا،صدر نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کو الیکٹرانک میڈیا ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے جوڑنے سے انکے مسائل کے حل میں مدد ملے گی،ترمیمی بل موجودہ میڈیا قانون میں بہتری لایا ہے، میڈیا رضاکارانہ طور پر نوجوانوں کو فیک نیوز، ڈس انفارمیشن بارے آگاہ کرے، نوجوان فیک نیوز سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں،بچوں کو خاص طور پر فیک نیوز کے مضمرات بارے تعلیم دینے کی ضرورت ہے، میڈیا بالخصوص سینئر صحافی تعلیمی اداروں اور جامعات کے ساتھ روابط بڑھائیں،صدر نے مزید کہا کہ سینئر صحافی صحافت کے میدان میں ہونے والی نئی پیش رفتوں کے بارے میں طلباء کو آگاہ کریں،میڈیا کی نئی شکلوں بالخصوص سوشل میڈیا کی حرکیات کو سمجھنا چاہیے، میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو اخلاقیات، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ اور تعمیری استعمال بارے بتائے،اس موقع پر ترمیمی بل سے صحافی برادری کے ساتھ ساتھ میڈیا ملازمین کو فائدہ پہنچے گا،وفد نے صدر مملکت کی جانب سے حمایت، میڈیا کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔
Load/Hide Comments



