الیکشن میں عوام کو سانحہ 9 مئی کا بدلہ لینا چاہیئے،خواجہ آصف

اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء، سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ الیکشن میں عوام سانحہ 9 مئی کا بدلہ لیں گے، 9 مئی کا منصوبہ ناکام ہوگیا، چئیرمین پی ٹی آئی کی مرضی کا آرمی چیف نہیں لگا تو منصوبہ بنایا کہ ملک نہیں رہے گا، نوازشریف نے ڈکٹیٹر کے خلاف اسمبلی میں تقاریر کی کیں لیکن فوجی تنصیبات پر حملے نہیں کئے،پی ٹی آئی بارودی سرنگیں بچھا کر گئی ، ملک میں گند صاف نہیں کرسکے لیکن ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خواجہ آصف نے کہا پاکستان کو بنے 76 سال ہوگئے پاکستان آج بھی قائم دائم ہیں، اشرافیہ نے ملک کو لوٹ مار کا منصوبہ بنایا گیا، اکتوبر میں منصوبہ بنایا گیا کہ میری مرضی کا چیف آف آرمی سٹاف آئے وہ منصوبہ ناکام ہوگیا۔ مہم چلائی گئی اس کے خلاف ہم سینہ تان کھڑے ہوگئے، لیکن مرضی کا آرمی چیف نہ آنا اس کے وارے میں نہیں تھا، اس نے منصوبہ بنایا کہ اب ملک بھی نہیں رہے گا۔میں نے تین سال پہلے تقریر کی تھی، چئیرمین پی ٹی آئی کے اقتدار کا عروج تھا، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، میں نے کہا تھا کہ میرا قائد آئے گا، ضرور آئے اور وہ قیادت کرے گا، عوام پھر حکمرانی کریں گے۔ آج مسلم لیگ ن کا متحرک نظر آنا پچھلے پانچ سال کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، چئیرمین پی ٹی آئی کیلئے عدالتوں کے دروازے کھلے لیکن نوازشریف کیلئے کوئی دروازہ نہیں کھلا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی، ملک میں گند صاف نہیں کرسکے لیکن ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا۔ سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک گمراہ ٹولہ ایسا بھی ہے جو قومی پرچم اتار کر اپنی پارٹی کے پرچم لہرا رہا ہے،وہ گروہ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے۔ کیا یہ لوگ محبِ وطن کہلانے کے حقدار ہیں؟ یہ لوگ یومِ آزادی کو بھی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی قوم کو دھوکا دے رہا تھا کہ پاکستان میں انقلاب لیکر آؤں گا،جو دوسروں کو چور ڈاکو کہتا تھا آج قوم کو اسکی حقیقت نظر آ رہی ہے۔