کوئٹہ (آن لائن) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ 14 اگست ہماری آزادی کا دن ہے اور ہم یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیں گے جو قومیں آزادی کی قدر نہیں کرتی وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتی ہیں کئی دہائیوں سے اقتدار میں رہنے والے نام نہاد خیر خواہوں نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کی بجائے اپنی ذاتی ترقی و خوشحالی پر توجہ دی جس کی وجہ سے بلوچستان ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا مگر آج بھی بلوچستان میں ایسے عناصر موجود ہیں جو آزادی جیسی نعمت کی قدر نہیں کرتے اور پاکستان کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں مگر تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے آزادی کی قدر نہیں کی وہ سب سے پیچھے رہ گئیں۔ ہمیں آزاد ی کی قدر کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ ہم جشنآزادی ملکی وقار اور شایان شان طریقے سے منائیں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہا کہ آزادی کے بعد ہمارے پیارے ملک پاکستان نے کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں دشمنوں نے پاکستان کے استحکام پر کئی وا ر کئے لیکن ہماری افواج نے ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ خاک میں ملایا اور اس مقصد میں ہمارے جوانوں نے جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے جنہیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اس ملک کی حفاظت کے لئے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی دشمنوں کا سامنا ہے اس سب کا مقابلہ کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کو حاصل کرنے کے لئے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہئے آئیں آج ہم عہد کریں اپنے پیارے وطن پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمہ وقت جدوجہد کریں گے اور ملک کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
Load/Hide Comments



