بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی فلاسفی کے مطابق عوام کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے، آصف علی زرداری

اسلام آباد(آن لائن)سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر یہ عہد کیا جائے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی فلاسفی کے مطابق عوام کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا آج کے دن پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن اس عہد کی تجدید کرتے ہیں قائد اعظم کے نظریہ کے مطابق پاکستان کو جمہوری اور فلاحی ریاست بنائیں گے جس کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے طویل جدوجہد کی تھی ‘آصف علی زرداری نے کہا قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے 1973 کے آئین کی صورت میں قائد اعظم کے خواب کی تکمیل کی تھی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آمریت در اصل ایک دہشت ہے اور آمریت میں کوئی معاشرہ ترقی کر ہی نہیں سکتا ‘ سابق صدر نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید ایسے معاشرے کیلئے جدوجہد کر رہی تھیں جہاں انسانیت کی قدر ہو ‘خوف اور دہشت سے پاک ایسا معاشرہ ہو جہاں امن ہو صبر اور برداشت کا ماحول ہو’ نوجوانوں کو اپنی صلاحیت کے مطابق ترقی کرنیاور آگے بڑھنے کی آزادی ہو ‘ آصف علی زرداری نے کہا غربت اور جہالت کے اندھیروں کے خلاف ہماری جنگ ابھی جاری ہے پاکستان اس وقت ترقی کر سکتا ہے جب عوام معاشی طور مستحکم ہونگے ‘ محنت کشوں سے انصاف ہوگا ‘ آصف علی زرداری نے کہا جمہوریت کا تسلسل برقرار رہنے اور آئین پر صدق دل عمل کرنیسے ہم دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو سکتے ہیں۔ سابق صدر نے کہا آئین سے وفاداری کا اقرار کا مطلب پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہے کیونکہ پارلیمنٹ عوام کی مستند عدالت ہے۔