اسلام آباد (آن لائن)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم بننے کا خیرمقدم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔تفصیل کے مطابق نگران وزیراعظم نے اتوار کو اسلام آباد پنجاب ہاؤس میں مصروف دن گزارا اور اس دوران مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے ان سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور سرفرازبگٹی نے نگران وزیراعظم سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی جبکہ اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آپ کے نگران وزیراعظم بننے کا مجموعی خیرمقدم کیا گیا ہے۔اس موقع پر انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ جن شخصیات نے میرے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ان کامشکور ہوں، اللہ نے جو ذمہ داری سونپی ہے اس پرپورا اترنے کی توفیق دے۔ دریں اثنائنگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سینیٹ سے مستعفی ہونیکا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ سے مستعفی ہونے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں گے۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اب چونکہ ان کی ذمہ دار ی ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے جس کے لیے انہوں نے الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے اور انہیں اپنی غیر جانبداری ثابت کرنے کا تقاضہ پورا کرنا ہے، اس لیے انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
Load/Hide Comments



