اسلام آباد(آن لائن) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم ہونگے۔وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف کے د رمیان انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق رائے کے بعد مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو بھجوا دی گئی۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کی نگران وزیر اعظم کے تقرر کے معاملے پر دوسری ملاقات ہوئی۔ وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف کے مابین نگران وزیرِ اعظم کی تقرری پر حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوگیا۔انوار الحق کاکڑ کے نام پر بطور نگران وزیرِ اعظم اتفاق کیا گیا ہے۔وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو بھجوا دی۔وزیرِ اعظم نے قائد حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون اور ان 16 ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر شکریہ اداکیا۔اس کے بعد شہباز شریف لاہور رہو گئے ۔ ادھر اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی۔راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے درمیان انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے اور وزیراعظم نے اس فیصلے پر دستخط بھی کردئیے ہیں۔راجا ریاض کا کہنا تھا کہ پہلے ہم متفق ہوئے کہ جو بھی وزیراعظم ہو، وہ چھوٹے صوبے سے ہو، تاکہ چھوٹے صوبے کو جو محرومی ہے، وہ دور ہو اور ایسا نام ہو، جو غیرمتنازع ہو، کسی سیاسی جماعت سے نہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اتفاق انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق ہوا ہے، انوار الحق کاکڑ وزیراعظم ہوں گے۔ان سے سوال پوچھا گیا کہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے ہے، کیا ان پر وزیراعظم کی طرف سے اتفاق کیا گیا ہے، جس پر راجا ریاض نے کہا کہ فیصلہ یہ ہوا ہے کہ باقی پانچ نام ہم کسی کو نہیں بتائیں گے لیکن یہ نام میں نے دیا تھا، اس کی بنیادی یہ ہے کہ ان کا تعلق چھوٹے صوبے بلوچستان سے ہے۔دریں اثناء نامزد نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے نامزد کرنے پر وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈر کا مشکور ہوں،بطورنگران وزیراعظم اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دوں گا۔ انوارالحق کاکڑکا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔ انوارالحق کاکڑ2002 میں ن لیگ کے ٹکٹ پرقومی اسمبلی کا الیکشن لڑا،ناکام رہے۔2015 میں نواب ثنا ء اللہ زہری کی حکومت آئی تو اس میں ترجمان بلوچستان حکومت بنے۔بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹرانوارالحق کاکڑ 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے۔
Load/Hide Comments



