آئین میں طریقہ کار واضح ہے اداروں نے کیسے چلنا ہے، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (آن لائن)سابق وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اختیارات میں بار بار مداخلت اچھی روایت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ کی جانب سے ریویو آف آرڈر اینڈ ججمنٹس ایکٹ کالعدم قرار دینے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں طریقہ کار واضح ہے اداروں نے کیسے چلنا ہے،تاثر جاتا ہے کہ پارلیمان کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھایا گیا۔اس مداخلت سے ادارے مضبوط نہیں،کمزور ہوں گے،یہ قانون بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشنز کا پرانا مطالبہ تھا۔ انکا کہنا تھا کہ سمجھ سے بالا تر ہے جس ڈاکٹر سے شفاء نہیں مل رہی،کہا جا رہا ہے دوسراآپریشن بھی اسی سے کرایا جائے۔ اعظم نذیر تارڑ نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے کیس میں اس فیصلے کا کوئی اثر نہیں پڑے گا،قانون سازی کے بعد سب اب پانچ کے بعد سیاست کیلئے اہل ہو چکے ہیں۔سیاست میں حصہ لینا سب کا بنیادی حق ہے،نا اہلی کی سزا پانچ سال سے زیادہ نہیں ہو سکتی.