میرٹ کی بنیاد پر نوجوان لیڈرشپ کو سامنے لایا جائے گا، مریم نواز

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر نوجوان لیڈرشپ کو سامنے لایا جائے گا، پاکستان کی روایتی سیاست بدل رہی ہے، آپکو بھی سیاست کا انداز بدلنا ہوگا، مسلم لیگ نون ہی پاکستان کا مستقبل ہے، دشمن بھی مسلم لیگ نون کی کارکردگی اور اس کے منصوبوں سے انکار نہیں کر سکتا، انتشار اور فساد کی سیاست کو قوم نے مسترد کر دیا ، اس قوم کا مقدر ترقی، خوشحالی اور کامیابی ہے۔تفصیل کے مطابق مریم نواز کی زیر صدارت یوتھ کوارڈینیٹر کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب کے صوبائی حلقوں میں یوتھ کوارڈینیٹرز مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے۔ مریم نواز نے تمام اضلاع کے یوتھ کواڈینیٹر کو پارٹی کو ہر گلی،ہر محلے اور گاؤں تک متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر نوجوان لیڈرشپ کو سامنے لایا جائے گا، اہلیت کا مطلب صرف محنت ہے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کریں اور پوری ذمہ داری سے اپنے فرائض سرانجام دیں، پاکستان کی روایتی سیاست بدل رہی ہے اور اب آپکو بھی سیاست کا انداز بدلنا ہوگا، پارٹی کو گراؤنڈ لیول پر مضبوط کرنے کے لئے دن رات کام کرنا ہو گا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون ہی پاکستان کا مستقبل ہے، دشمن بھی مسلم لیگ نون کی کارکردگی اور اس کے منصوبوں سے انکار نہیں کر سکتی، انتشار اور فساد کی سیاست کو قوم نے مسترد کر دیا ہے، اس قوم کا مقدر ترقی، خوشحالی اور کامیابی ہے، مسلم لیگ ن کے اسوقت بڑے بڑے لیڈر یوتھ اور ایم ایس ایف سے آئے ہیں، اب آنے والا وقت آپ سب کا ہے۔