پاکستان کی ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے بھارت کو بات چیت کی دعوت

اسلام آباد (آن لائن)پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے بات چیت کرنے کی دعوت دیدی اور کہا کہ خطے کی ترقی اور قیام امن کیلئے بامقصد مذاکرات کے لئے ماحول پیدا کرنا ہوگا،بلوچستان کے علاقے ژوب حملے میں افغان سرزمین کے استعمال پر سخت تشویش ہے،حملے میں ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد افغان شہری تھے،ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے،کبھی بھی کھیلوں کی سیاست نہیں کی،سکیورٹی خدشات ہیں پاکستانی ٹیم کو فول پروف سیکورٹی دینا ہوگی،بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے پر تشویش ہے،مساجد نذر آتش اور امام کو شہید کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔پیر کے روز ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے،باہمی احترام اور عالمی قوانین کی پاسداری چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے مابین بامقصد مذاکرات کے لئے ماحول پیدا کرنا ہوگا،بھارت مذاکرات میں مسئلہ کشمیر پر بھی بات کرے،انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی، شائقین کو ٹکٹ مہیا کئے جائیں گے،پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے،پاکستان متواتر کہتا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کی نظر نہیں کیا جانا چاہیے،پاکستان، بھارت تعلقات کو کھیلوں کے عالمی مقابلوں میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے،پاکستان کا فیصلہ تعمیری اور ذمہ دارانہ رویہ کا عکاس ہے،کھیلوں پر بھی بھارتمتعصبانہ ہے،امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران مکمل تحفظ دیا جائے گا،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، روس یوکرین تنازعہ کا پرامن حل چاہتا ہے،پاکستان اس جنگ سے جڑے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے،پاکستان اور بھارت کے درمیان امن خطے کے بہتر مستقبل کا ضامن ہے،دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات تنازعات کے لئے ضروری ہیں،ان کا مزیدکہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش ہے،منی پور واقعات میں مساجد نذر آتش اور امام کو شہید کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،بھارتی انتہا پسند تنظیمیں اقلیتوں کے قتل اور دہشتگردی میں ملوث ہیں،ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پانچ اگست کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا،مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم اور جبر جاری ہے،بھارت غیر قانونی اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتا ہے،پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد میں حمایت جاری رکھے گا،ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت نے ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستان میں شرکت سے معذرت کی،بھارت نے پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری نہیں کئے،پاکستان کھیلوں کو سیاست کی نظر نہیں کرتا بلکہ مثبت انداز میں لیتا ہے،مذاکرات کے لئے بال اب بھارت کے کوٹ میں ہے،بھارت کئی سال سے کھیلوں کو سیاست کی نظر کررہا ہے،پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بھارت میں سیکیورٹی پر تحفظات ہیں،پاکستان مختلف شہروں میں ورلڈ کپ کے میچ کھیلے گا،ٹیم کے امور بارے بھارت کے ساتھ سفارتی و دیگر چینلز پر رابطے میں ہیں،انہوں نے کہا کہ بھارت کو واضح الفاظ میں کہہ دیا پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے،بھارت سے قید کی مدت پوری کرنے والے پاکستانیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے،بڑی تعداد میں پاکستانی قیدی بھارت میں قید کی مدت پوری کر چکے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ ژوب میں پاک فوج پر حملے بارے افغان سفارتخانہ، حکام سے رابطے میں ہے،ژوب حملے میں افغان سرزمین کے استعمال پر شدید تشویش ہے،حملہ آوروں کی شناخت پر تحقیقات جاری ہیں،ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ژوب حملے بارے تشویش افغان حکام کو پہنچا دی،پاکستان افغانستان کو انسداد دہشتگردی کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کرسکتا ہے،افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔پاکستانی جوڈیشل کمیشن کے دورے بارے ابھی تک تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا،ژوب میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد، افغان شہری تھے،افغان شہریوں کی ڑوب دہشتگردی میں ملوث ہونے پر تشویش سے افغان حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 36 غیر ملکی دورے کیے،وزیر خارجہ، جن ممالک میں گئے ان میں امریکہ، یورپ، مشرقی ایشیاء اور افریقہ کے ممالک شامل ہیں،وزیر خارجہ نے دوروں میں مختلف کانفرنسز میں شرکت، دوطرفہ ملاقاتیں کیں،وزیر خارجہ نے اپنے دوروں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، وزیر خارجہ بیرون ممالک دوروں کے اخراجات خود برداشت کرتے ہیں،وزیر خارجہ کے دورے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے، امریکہ سمیت تمام ممالک سے تعلقات میں بہتری آئی۔