وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بھارہ کہو بائی پاس کا افتتاح کردیا

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بھارہ کہو بائی پاس کا افتتاح کردیا،یہ منصوبہ 5.2 کلومیٹر سڑکوں، 2پلوں اور چار انڈر پاسز پر مشتمل ہے، منصوبہ پر دن رات کام کر کے اس کو 9 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیاگیا ہے جس سے خطے میں سیاحت کی صنعت کا فروغ ہو گا اور ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کی کمی میں بھی مدد ملے گی۔ منصوبہ 9 ماہ کی قلیل مدت میں 31 جولائی 2023 کو منصوبہ مکمل کر لیاگیا جس پر 6 ارب 25 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، منصوبہ کی تکمیل سیمقامی آبادی اور سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔ منصوبے میں 5 کلومیٹر لمبی سڑک (بشمول 1 کلومیٹر فلائی اوور) مری روڈ سے قائد اعظم یونی ورسٹی سٹاپ کے قریب سے شروع ہو کر مری روڈ پر واقع پنجاب کیش اینڈ کیری سے ملحق جوگی بس اسٹاپ کے قریب اختتام پذیر ہو گی جہاں سے ایک فلائی اوور شروع ہو کر بہارہ کہو بازار کی جانب جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال 14 اکتوبر 2022 کو منصوبہ کاسنگ بنیاد رکھا تھا۔