سی پیک منصوبے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا، شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا،منصوبے سے دونوں ملکوں کی عوام کے درمیان مضبوط رشتہ قائم ہوا ہے،سی پیک منصوبوں کا آغاز دس سال قبل وزیراعظم میاں نواز شریف کے دور میں ہوا،سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر 25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی،چینی صدر کے وژن کے مطابق خطے میں ترقی کیلئے کوشاں ہیں،سی پیک منصوبوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا، ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے انتہائی اہم منصوبے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان یہ دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی اور اس میں ہم کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر میں چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفینگ کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک معاہدے پر دستخط آج سے 10 برس قبل سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہوئے تھے اور اس کی سیاہی سوکھنے سے قبل ہی اس پر عملدر آمد کا آ غاز ہوگیا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کی بدولت آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں شعبہ توانائی، روڈ، انفرااسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ اور ہائیڈل پاور سیکٹر میں 25 ارب ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری آئی۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخلے ہورہے ہیں، آج ہم نے کچھ اہم دستاویزات پر دستخط کیے ہیں جو دونوں ماملک کے درمیان اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کا سبب بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے، یہ بزنس ٹو بزنس، سرمایہ کاری، زراعت اور آئی ٹی پر مرکوز ہوگا تاکہ چین کے تعاون سے پاکستان اپنی مصنوعات چینی حکومت کے معیار اور ضروریات کے مطابق برآمد کرسکے۔شہباز شریف نے کہا کہ میں چین کے نائب وزیراعظم کو بطور خصوصی سفیر پاکستان بھیجنے پر شی جن پنگ کا شکر گزار ہوں،اس سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ چین اور پاکستان ایک ایسے تعلق میں جڑے ہیں جو دنیا میں منفرد ہے۔انہوں نے کہا پاکستان اور چین کے درمیان یہ دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی اور اس میں ہم کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔