توشہ خانہ کیس:چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کر دیا

اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کیس میں 342کا بیان ریکارڈ کرنے کی کارروائی رکوانے کیلئے اپیل دائر کردی، درخواست میں ہائیکورٹ کی جانب سے دائرہ اختیار پر حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس میں ٹرائل روکنے کی استدعا کی گئی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عدالتی دائرہ اختیار پر پہلے فیصلہ ہونا ضروری ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کاروائی سے نہیں روکا۔حکم امتناع نہ دینے سے ٹرائل کورٹ میں سماعت مکمل ہو جائے گی۔ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد ہائیکورٹ میں اپیلیں غیر موثر ہو جائے گی۔ ہائیکورٹ کو حکم امتناع پر منظور یامسترد کا آرڈر کرنا چاہیے تھا۔ سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف اپیل سماعت کیلئے منظور کی جائے۔ ٹرائل کورٹ کو کارروائی آگے بڑھانے سے روکا جائے۔چیئرمین تحریک انصاف نے اپیل پر فوری سماعت کی درخواست بھی دائر کردی۔