لاہور(آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ اور امیر جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن اور وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو ٹیلی فون کیا ہے۔وزیراعظم نے باجوڑ، خار میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ۔دونوں رہنماؤں سے ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم کاکہناتھا قیمتی جانی نقصان پر دلی افسوس ہے۔آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا مجرموں کو قرار واقعی سزا ملے گی، دہشت گردی کاخاتمہ پوری قوم کا عہد ہے، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔وزیراعظم نے باجوڑ، خار دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر ز کے ذریعے دیگر ہسپتالوں میں منتقلی کی ہدایت کی۔ انہوں نے واقعے کی تحقیقات اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن کی بھی ہدایت کی۔
Load/Hide Comments



