دیگر ممالک میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے پاکستان میں ہونے والے مظالم پر آواز اٹھائی لیکن ہماری اپنی این جی اوز خاموش ہیں،حماد اظہر

اسلام آباد ض(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء،سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ جعلی لبرلز، فراڈ این جی اوز اور پاکستان میں میڈیا کی آزادی کے فریب کاروں پر دلچسپ بات یہ ہے کہ دیگر ممالک میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے پاکستان میں ہونے والے مظالم پر آواز اٹھائی لیکن ہماری اپنی این جی اوز خاموش ہیں، یہ تنظیمیں غیر ملکی عطیہ دہندگان سے فنڈز حاصل کرنے کے لیے انسانی حقوق کو مفادات کے لیے استعمال کرتی ہیں۔اپنے ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا ارشد شریف کا قتل، عمران ریاض کی گمشدگی، سینکڑوں پر زیر حراست تشدد اور دوبارہ گرفتاری نے ان تنظیموں کو حرکت نہیں دی۔میڈیا کی سخت سنسرشپ اور آئین کی تنسیخ اس گروپ کے لیے اہم معاملات نہیں تھے، ایسے ہی لوگوں کے لیے جو خود کو میڈیا کی آزادی کا چیمپئن قرار دیتے تھے۔لیکن دراصل اس حکومت کے لیے پروپیگنڈے کا کام کرتے ہیں، کیونکہ ان کے ساتھیوں کو یا تو لاپتہ افراد بنا دیا گیا تھا یا پھر ملک سے فرار ہونا پڑا، حماد اظہر نے کہا نجی ٹی وی چینلز سرکاری ملکیتی پی ٹی وی قسم کے اداروں میں تبدیل کردیئے گئے۔ وہ کبھی بھی جمہوریت، میڈیا کی آزادی یا اس معاملے میں کسی بھی چیز کے چیمپئن نہیں تھے۔صرف چیئرمین پی ٹی آئی کے مخالف تھے۔وہ بخوشی کسی بھی مطلق العنان حکومت اور اس کے ٹولوں کے حمایتی بنیں گے، جو ان کو پی ٹی آئی اور اس کے چیئرمین کے خلاف ہدایات دیتے ہوں۔آپ جانتے ہیں کہ وہ سب کون ہیں۔ وہ سب آج بے نقاب ہو رہے ہیں۔