قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی خواتین سے متعلق ہتک آمیز جملوں پر پی ٹی آئی کا شدید احتجاج

اسلام آباد(آن لائن) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی خواتین کے بارے میں ریمارکس پر تحریک انصاف کے اراکین کا شدید احتجاج،وفاقی وزیر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان سے احتجاجاً واک آوٹ کیا۔جمعرات کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران خواتین کے بارے میں نازیبا ریمارکس پر احتجاج اور ایوان سے واک آوٹ کے بعد جے یوآئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہاکہ ایوان میں موجود خواتین ہمارے لئے بہت زیادہ محترم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر دفاع نے جو بات کی تھی وہ نامناسب تھی اور اگر کوئی اور معافی مانگیں یا نہ مانگیں میں معافی مانگتا ہوں انہوں نے وزیر دفاع سے درخواست کی کہ وہ اگر معافی مانگیں تو بہتر ہوگا اس موقع پر وزیر دفاع نے کہاکہ میں نے اپنی تقریر میں کوئی جینڈر کی تخصیص نہیں کی انہوں نے کہاکہ سینیٹر علی ظفر نے کہاکہ ہم ایوان کو بلڈوز کر رہے ہیں کیا یہ بات اس دن یاد نہیں تھی جب ایوان سے 54بلزمنظور کرائے گئے تھے انہوں نے کہاکہ اگر صنفی طور پر برابری چاہتے ہیں تو پھر تنقید بھی برداشت کریں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی چیئرمین نے ہماری قائد کے بارے میں جو بات کی تھی اس وقت ان کا ضمیر کیوں نہیں جاگا تھا یہ سینیٹرز اس پر معافی مانگیں تو میں اس پر معافی مانگ لیتا ہوں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ وفاقی وزیر دفاع نے اپنے الفاظ کی وضاحت کی ہے اب معافی کا کوئی سوال نہیں بنتا ہے اس موقع پر تحریک انصاف کے سینیٹر ہمایون مہمند نے کہاکہ پی ٹی آئی کی خواتین سینیٹرز کے بارے میں جو ریمارکس دئیے ہیں اس پر معافی مانگیں جس پر وفاقی وزیر دفاع نے کہاکہ میں نے مشترکہ اجلاس میں جو ریمارکس دئیے تھے وہ صرف خواتین کے بارے میں نہیں تھے تاہم تحریک انصاف کے اراکین وفاقی وزیر کی وضاحت سے مطمئن نہ ہوئے اور ایوان سے دوبارہ احتجاجاً واک آوٹ کیا۔