پختونخوا ایک دفعہ پھر دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کے رحم و کرم پر ہے، ایمل ولی خان

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پختونخوا ایک دفعہ پھر دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کے رحم و کرم پر ہے۔ ایک ہفتہ کے اندر صوبے میں یہ تیسرا اور ضلع خیبر میں دوسرا خودکش دھماکہ ہے۔پختونوں کا خون بہہ رہا ہے، مقتدر حلقے سیاسی سرکس میں مصروف ہیں۔ وضاحت کی جائے کہ یہ لوگ کس جگہ سے اور کس راستے سے ہوکر آتے ہیں؟ جمرود ضلع خیبر میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ ایک طرف تیراہ امن مارچ جاری ہے تو دوسری طرف یہ واقعات ہورہے ہیں۔ کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ اس دفعہ آگ صرف اٹک پل تک محدود رہے گی۔ ابھی بھی وقت ہے، روک تھام یقینی بنایا جائے ورنہ کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں اور انکے ہمدردوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔ ان سہولت کاروں کو بھی انجام تک پہنچایا جائے جو انکو فائٹرز قرار دے رہے تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی واقعے میں جانبحق ایڈیشنل ایس ایچ او شہید عدنان آفریدی کے اہل خانہ کے دکھ میں شریک ہیں.