ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی واقعہ پرمسلمانوں میں شدید غم وغصہ ہے، شہبازشریف

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈنمارک میں عراقی سفارت خانے کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ پر پوری دنیا کے مسلمانوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ ہم پاکستانی اس واقعہ پر شدیدکھ اور تکلیف میں ہیں۔ان مکروہ اور شیطانی واقعات کا بار بار ہونابین المذاہب تعلقات کو مجروح کرنا، امن اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا اور مذہبی منافرت اور اسلامو فوبیا کو فروغ دینے کے مذموم عزائم رکھتا ہے۔انہوں نے حکومتوں اور خاص طور پر مذہبی رہنماؤں سے مطالبہ کیاکہ وہ ایسے گھناؤنے طریقوں کو ختم کریں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ آئیے ہم مٹھی بھر گمراہ اور شریر لوگوں کو اربوں لوگوں کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچانے دیں اور انہیں ان کے مذموم ایجنڈے پر عمل نہ کرنے د یں۔