بجلی کے ٹیرف میں اضافہ مسترد، عوام پر مزید بجلی بم نہ گرائے جائیں، حافظ نعیم الرحمن

کراچی(آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے لیے دی گئی حکومتی درخواست کی نیپرا سماعت میں پیر کو آن لائن شرکت کی اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے نیپرا سے مطالبہ کیا کہ حکومت کو اس کے ٹیرف میں اضافے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے، عوام پر مزید بجلی بم نہ گرائے جائیں، عوام کے اندر اب اتنی سکت نہیں رہی ہے کہ وہ اس اضافے کا بوجھ اُٹھا پائیں۔ سماعت میں چیئر مین نیپراتوصیف ایچ فاروقی بھی شریک تھے، حافظ نعیم الرحمن نے چیئر مین نیپرا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا موقف تو سن لیتے ہیں اور اس سے اتفاق بھی کرتے ہیں لیکن اقدامات اور فیصلے وہی کرتے ہیں جو حکومت چاہتی ہے، حکومت جو فیصلہ کرتی ہے اسے فوراً تسلیم کر کے عمل درآمد کروا دیا جاتا ہے، نیپرا صرف ربڑ اسٹیمپ کے طور پر کام کر رہی ہے۔