سویڈن واقعہ، مولانا فضل الرحمن اوروزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد(آن لائن) سویڈن میں قرآن کریم جلانے (شہید)کا معاملہ پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ٹیلفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے او آئی سی سے سخت اقدامات اٹھانے پر اتفاق کرتے ہوئے یہ متفقہ فیصلہ کیا ہے پاکستان سمیت تمام اسلامی دنیا اپنے سفراء احتجاجا سویڈن سے واپس بلائیں۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے متفقہ فیصلے میں کہا ہے کہ عالم اسلام تسلسل اور منصوبہ بندی سے اسلام اور شعائر اسلام کی توہین اور مسلمانوں کی دل آزاری کرنے کے گھناؤنے اور ناپاک عمل پر سخت نوٹس لے۔ جے یو آئی سر براہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کو فوری ہدایات جاری کردی،اس معاملے پر خاموش نہیں رہینگے۔ علماء اور خطباء جمعہ اجتماعات میں سویڈن کے اس مکروہ فعل کی مذمت کریں اور عوام میں بیداری پیدا کریں۔ مغرب نے ہمیشہ اسلام اور اہل اسلام کے مقدسات کی توہین کرکے دہشت گرد ہونے کا ثبوت دیا ہے۔جے یو آئی کارکن ہر ہر ضلع میں احتجاجی مظاہرے کریں۔