وزیر اعظم سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات،نگران سیٹ اپ سے متعلق تجاویز پیش کیں

اسلام آباد (آن لائن) حکمران اتحاد کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے نگران سیٹ اپ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں، نگران سیٹ اپ میں ایم کیو ایم بھی شامل ہوگی،وزیر اعظم کے تمام اہم فیصلوں میں ایم کیو ایم کو شامل کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی کنیوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ملاقات کی ہے،وفد میں وفاقی وزیر آنفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال شریک تھے،ملاقات میں وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خوجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیرِ اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے بھی شرکت کی،ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی،ملاقات وزیرِ اعظم کی نگران حکومت کی تشکیل کیلئے اتحادیوں سے مشاورت کے سلسلے کی ایک کڑی ہے،ملاقات میں حالیہ مردم شماری کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی،وفد نے وزیرِ اعظم کو کراچی میں وفاقی حکومت کے جاری منصوبوں کی ذاتی نگرانی اور ترجیحی بنیادوں پر ان پر کام یقینی بنانے پر خراج تحسین پیش کیا،متحدہ کے وفد نے وزیر اعظم کی قیادت میں حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ مکمل ہونے پر وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسمبلیوں کی تحلیل اور نگراں حکومت پر اہم مشاورت کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کو بلالیا،ایم کیو ایم پاکستان کا وفد ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وزیراعظم ہاؤس پہنچا،وزیراعظم نے ایم کیو ایم کو اہم اتحادی جماعت قرار دیتے ہوئے صوبائی و وفاقی نگراں حکومتوں میں حصہ دینے کا فیصلہ کرلیا،وزیراعظم شہباز شریف نے نگراں حکومت سمیت تمام اہم فیصلوں میں ایم کیو ایم کو شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔