چین کے ایگزم بینک نے پاکستان کو 60 کروڑ ڈالر رول اوور کر دیئے،وزیر اعظم

اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں، دعا کریں یہ ذخائر قرضوں سے نہیں، قوم کی اپنی محنت،کمائی اور قربانی سے بڑھیں،چین کے ایکسپورٹ امپورٹ (ایگزم) بینک نے پاکستان کو 60 کروڑ ڈالر رول اوور کر دیئے ہیں،منگل کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں کہے بغیر نہیں رہ سکتا، مجھے منع کیا گیا تھا کہ نام نہ لوں، لیکن کیا کروں، جو دوست مہربانی کرتا ہے، اس کو یاد رکھنا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے ایکسپورٹ۔امپورٹ (ایگزم) بینک نے پاکستان کو 60 کروڑ ڈالر رول اوور کر دیے ہیں، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، میں اگر سفارتی اداب کا خیال رکھوں تو شاید نام نہ لیتا لیکن دل یہ کہتا ہے کہ جس نے احسان کیا ہو، اس کو یاد رکھیں،انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں لیکن دعا کریں کہ قرضوں سے نہیں، قوم کی اپنی محنت،کمائی اور قربانی سے بڑھیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ ممکن ہے، جس طرح ان بچے، بچیوں نے مختلف کھیلوں کے میدان میں گولڈ میڈل لیے، میں سمجھتا ہوں کہ اس سے ہمیں سبق اور ہمت حاصل کرنا چاہیے۔میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں آئندہ موقع دیا تو قوم کے ان کروڑوں بچے اور بچیوں کی تعلیم، ان کی ووکیشنل ٹریننگ اور ان کے کھیل کود کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے بھی ہم وسائل مہیا کرسکیں گے، انشااللہ کریں گے، لیکن یہ سب اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے اس تقریب میں حاضر ہو کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ میں ان نوجوانوں کو یہاں پر مل رہا ہوں، جنہوں نے انتہائی قلیل وسائل کے باوجود اپنے انتہائی قابل احترام ٹرینرز، کوچز اور والدین کی دعاؤں سے جو پاکستان کو دنیا میں نام روشن کروایا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ آپ ہم سب کی اور پوری قوم کی دل کی گہرائیوں سے تحسین کے حق دار ہیں۔ان کا کہنا تھا اگر پاکستان نے اور میدانوں میں سست روی دکھائی ہے تو ان جوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا جھنڈا پوری دنیا میں بلند کیا ہے، آج 5 ارب روپے کا پرائم منسٹر فنڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔جس طرح بتایا گیا کہ پانچ ارب روپے میں سے ڈھائی ارب روپے جاری اخراجات کے لیے ہیں، جو کہ سفری اخراجات، ٹکٹ کے خرچے وغیرہ کے لیے رکھے گئے ہیں۔