کراچی شہر میں سب کچھ ہے بس مثبت سوچ کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی (آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جب کراچی کے بارے میں گفتگو ہوتی ہے تو منفی انداز میں بات کی جاتی ہے، ہمارے شہر میں سب کچھ ہے بس مثبت سوچ کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، کراچی کے اُس کھوئے ہوئے مقام کو پھر سے ڈھونڈ کر دکھائیں گے، تباہی کے مائنڈ سیٹ کو ختم ہونا چاہئے، تاریخی عمارتوں کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام معروف آرٹسٹ حمیر سومرو کی آرٹ ایگزیبیشن Glorious Heritage of Karachi کامہمان خصوصی کی حیثیت سے افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، حمیر سومرو، ڈاکٹر ایوب شیخ اور دیگر معروف شخصیات بھی موجود تھیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حمیر سومرو نے کراچی کی شاندار تاریخی عمارات کو واٹر کلرز کے ذریعے کینوس پر قید کیا ہے، نمائش میں آویزاں فن پارے شہر قائد کی تاریخی اہمیت اجاگر کرتے نظرآتے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ آج سے سو ڈیڑھ سو سال قبل اس کراچی میں میری ویدر ٹاور،فریئر ہال اور کے ایم سی بلڈنگ تھی، وہ کراچی جو ہندوؤں اور انگریز راج کا تھا کہیں نہ کہیں چھپ سا گیا ہے، حمیر سومرو نے اپنے برش اوررنگوں کے زریعے اسی کراچی کو خوبصورت انداز سے دکھانے کی کوشش کی ہے، ہمیں اپنے تاریخی، خوب صورت پرانے کراچی کو ڈھونڈنا ہوگا، میں سمجھتا ہوں اس طرح کی نمائشیں اور دیگر پروگرامز منعقد ہونے چاہئیں جس سے کراچی کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے آئے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آرٹس کونسل اور دیگر تفریحی مقامات کو بہتر بنانے کی کوشش کرینگے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے، کراچی شہر پاکستان کا کلچرل کیپیٹل ہے ہمیں چیزوں کو بہتر انداز سے دکھانے کی ضرورت ہے، انشاء اللہ آرٹسٹوں اور آرٹس کونسل کی مدد کے ساتھ کراچی کی بہتری کے لیے کام کرینگے، آنے والا وقت انشاء اللہ بہترہوگا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ تفریق کی سیاست کا ہم خاتمہ کرینگے اور ہر علاقے میں اسی طرح کام کریں گے جہاں ہمارا ووٹ بینک نہیں ہے وہاں بھی ترقیاتی کام کریں گے، انہو ں نے کہا کہ میں نے گزشتہ روز بوٹ بیسن کی ویڈیو شیئر کی جماعت اسلامی میرے پیچھے لگ گئی، جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظم نے غیر قانونی جگہ پر گھر بنایا ہے، معروف آرٹسٹ حمیر سومرو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب پڑھے لکھے اور شعور والے شخص ہیں یہ سب کو ساتھ لیکر چلنے والے انسان ہیں، کراچی انکے ہاتھوں میں محفوظ ہے، انہو ں نے کہا کہ یہ پیٹنگ جو میں نے بنائی ہیں وہ ایک دلکش کراچی منظرکشی کرتی ہیں۔