کراچی سمیت پورے سندھ میں ترقی ہورہی ہے۔ اب اس ترقی کو کوئی روک نہیں سکتا، سید مراد علی شاہ

کراچی/ دھابیجی(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ایک اور سنگ میل منصوبہ شروع کردیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ثابت کردیا کہ دیگر جماعتوں کی با نسبت پیپلز پارٹی ایک ایسی جماعت ہے جو عملی طورپر عوام کی خدمت کرتی ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ صدر زرداری نے سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی اور گوادر منصوبے کے لئے چین کو آمادہ کیا اور اس پر کام شروع ہوا۔یہ بات انہوں نے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون پراجیکٹ کی سنگِ بنیاد کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے منشور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا تصور دیا تاکہ بزنس کمیونٹی کی مدد سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں اور معاشی ترقی اور خوشحالی پر کام ہو۔انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبہ بھی پبلکپرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے حوالے سے جھوٹا پراپیگنڈہ بھی کیا گیا لیکن جھوٹ ناکام ہوا اور سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے کامیاب ہوئے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں سندھ صوبے کو چھٹے نمبر پر عالمی رینکنگ میں رکھا گیا ہے۔وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے جس طرح کوویڈ اور سیلاب میں کام کیا اس کام کو سب سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر اور سندھ کا بینہ کے اراکین اپنے نمایاں منصوبوں کی کامیابی کے لئے خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا جس سے غربت اور بیروزگاری کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام کاروباری شخصیات، نوجوانوں اور شہریوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل کر پاکستان پیپلز پارٹی کے کام کو آگے بڑھائیں اور تیر کے نشان کی حمایت کریں تاکہ ہم سب اپنے عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے لئے کام کرسکیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 4 ماہ میں پاکستان کا وزیراعظم بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرتی پر لیڈر بہت پیدا ہوتے ہیں مگر ویڑنیری بہت کم ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں ترقی ہورہی ہے۔ اب اس ترقی کو کوئی روک نہیں سکتا کیونکہ چیئرمین نے ایک ایسے جیالے کو کراچی کا میئر مقرر کیا ہے جو کراچی کی قسمت بدل دے گا۔ لوگ جھوٹے پروپیگنڈاہ کرتے رہتے ہیں اور کسی آرٹیکل سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی مزید ترقی کرے گا کیونکہ کراچی کا میئر چیئرمین بلاول کا نمائندہ ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے عوام کی خدمت کرتی رہے گی جو ہمارا اولین نصب العین ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے ذوالفقار علی بھٹو نے 50 سال پہلے چین کے ساتھ پاکستان کی بے مثال دوستی کی بنیاد رکھی جسے ان کی بیٹی بینظیر بھٹونے مزید مستحکم کیا.