عدالت نے نگران حکومت کا عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں سہولیات نہ دینے کا نوٹیفکیشن خلافِ قانون قرار

لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے نگران حکومت کا عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں سہولیات نہ دینے کا نوٹیفکیشن خلافِ قانون قرار دیدیا،لاہور ہائیکورٹ میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے سے متعلق درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے نگران حکومت کا عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں سہولیات نہ دینے کے نوٹیفکیشن کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے قانون غلط تشریح کی۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کو جیل سہولیات نہ دینا امتیازی سلوک ہے، اسی نوعیت کے دوسرے ملزمان کو جیل میں سہولیات دی گئیں، عمر سرفراز چیمہ کو آئینی حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا،سرکاری وکیل کے مطابق دہشت گردی مقدمات میں نامزد ملزم جیل میں بہتر سہولیات کا مستحق نہیں ہے،سرکاری وکیل نے کہا کہ جیل رولز میں ترمیم کے بعد دہشتگردی کے مقدمات میں نامزد ملزمان کو بہتر سہولیات کی فہرست سے نکالا گیا۔سابق گورنر کی اہلیہ روبینہ سلطان نے جیل میں بہتر سہولیات کے لیے رجوع کیا تھا۔عدالتی حکم پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو بہتر سہولیات کیلیے درخواست دیم درخواست گزار ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جیل میں بہتر سہولیات دینے کی درخواست مسترد کردی تھی۔