عام انتخابات،ن لیگ کی صوبائی قیادت نے پنجاب سے امیدواروں کے نام مانگ لئے

لاہور(آن لائن)مسلم لیگ (ن)نے انتخابات کیلئے امیدواروں کے نام مانگ لیے۔مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت نے پنجاب انتخابات کیلئے مقامی قیادت سے امیدواروں کے نام مانگے ہیں،صوبائی قیادت نے بہترین امیدواروں کے نام ارسال کرنے کی ہدایت کی،جبکہ مسلم لیگ ن کیلئے فعال کردار ادا کرنے والے کارکنوں کے نام بھی مانگے گئے ہیں۔ذرائع ن لیگ کے مطابق گوجرانوالہ سے 6 قومی اور 14 صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی لسٹ صوبائی قیادت کو ارسال کر دی گئی ہے۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کرے گا۔ مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے لئے متحرک ہونے کا فیصلہ کیاہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس 14مئی کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں طلب کیا۔ پنجاب بھر سے تنظیمی عہدیداروں جن میں ڈویڑنل صدور اور جنرل سیکرٹریز سمیت دیگر شامل ہیں کو اجلاس میں شرکت کے احکامات جاری کئے گئے،ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ تنظیمی عہدیداروں کی مشاورت سے انتخابات کے لیے مضبوط امیدواروں کے چناؤ پر مشاورت کریں گے۔