ہم آئین کی بالادستی کے لئے کھڑے ہیں، حلیم عادل شیخ

کراچی(آن لائن)سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے معاملے پر قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ گزشتہ دو،تین روز سے وزیر اعلیٰ اور سندھ کے وزراء کا اپوزیشن لیڈر پر بڑا شور ہے،اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی پر تبصرے کئے جارہے ہیں،تبصرے کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہوتی، ویڈیوبیان میں انہوں نے کہا گزشتہ روز وزیر اعلیٰ نے ٹی وی پر کچھ باتیں کی ہیں، میں ان کا جواب ویڈیو کے ذریعے دے رہا ہوں کیوں کہ انہوں نے میڈیا پر بات کی ہے، جب خط لکھیں گے تو خط میں جواب دیں گے،جب مشاورت کے لئے بلوائیں گے تو ہم پہنچ جائیں گے،وزیر اعلیٰ نے کہا بیٹھ کر بات کریں گے،جب بھی بلوائیں گے میں مشاورت کے لئے میں آجاؤں گا،نگرانی سیٹ اپ کے لئے وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کو مشاورت کرنی ہوتی ہے،ہم ویلکم کرتے ہیں اگر وزیرا علیٰ خط لکھیں گے،وزیر اعلیٰ سے کہتا ہوں آپکی لیڈر شپ کی بھی جلا وطنی کی لمبی تفصیل ہے،ہم ملک میں موجود ہیں جب کہیں گے آجائیں گے،وزیر اعلیٰ سے پوچھتا ہوں بتا دیں کتنے کیسز ہم پر بنائے گئے ہیں،ہم انشاء اللہ عدالتوں میں جائیں گے،اگر بیل پر ہوئے یا جیل میں ہوئے مشاورت کے لئے ضرور آئیں گے،پاکستان تحریک انصاف آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے ضرور آگے بڑھے گی،اگر آپ کو راجا ریاض جیسا اپوزیشن لیڈر چاہیے ان جیسے بہت اسمبلی میں موجود ہیں،اگر آپ چاہتے ہیں آئینی طریقے سے مشاورت ہو تو ہم تیار ہیں،اپوزیشن لیڈر کے لئے جو بھی پروسس ہے میں اس میں شامل ہونے کو تیار ہوں، ہم آئین کی بالادستی کے لئے کھڑے ہیں،ویڈیو بیان میں حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھاکہ میڈیا پر بات نہ کریں خط لکھیں ہم آپ کو جواب دیں گے۔