ملک بھر میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش متوقع، حکومت کا انتباہ

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے لہٰذا وہ چوکس اور تیار رہیں۔انہوں نے کہا کہ ان بارشوں سے جو لوگ متاثر ہو سکتے ہیں ان کا تخمینہ 9 لاکھ لگایا گیا ہے۔اپنے بیان میں شیری رحمٰن نے خبردار کیا کہ سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہروں لاہور، نارووال اور سیالکوٹ میں ہوگی، دوسرے صوبوں کو بھی موسلادھار سے درمیانے درجے کی بارش کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے، جن شہروں اور میونسپل علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، وہاں سیلاب کے الرٹ جاری کیے گئے ہیں وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مربوط تیاری اور فعال ردعمل سے جانیں بچائی جا سکتی ہیں اور تمام رسپانس ٹیموں کو چوکس رہنے کی تاکید کی۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران لاہور، سیالکوٹ اور نارووال سمیت شمالی و شمال مشرقی پنجاب میں شدید طوفانی اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔