بھارت کے ساتھ ڈیمز کے تنازع پر عالمی ثالثی عدالت میں ہمارے موقف کی قبولیت پاکستان کی شاندار کامیابی ہے،خورشید شاہ

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر ا?بی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ ڈیمز کے تنازع پر عالمی ثالثی عدالت میں ہمارے موقف کی قبولیت پاکستان کی شاندار کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ شکست اس کی ہٹ دھرمی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور بھارت کو اس مسئلے پر مزید ہزیمت اٹھا نا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ بحالی کے کام کی تکمیل کے بعد اس ماہ بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کرے گا اور نیلم جہلم کی بحالی سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک اعلی سطحی میٹنگ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچی کنال پر کام کی رفتار کو بھی تیز کیا جارہا ہے اور آبپاشی کے اس بڑے منصوبے سے زراعت میں ترقی اور خودکفالت کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بعد ہمیں ایسی نئی پلاننگ کی ضرورت ہے جو بڑھتی ہوئی آبادی کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے محفوظ رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی روک تھام کیلئے جامع پروگرام زیر عمل ہے اور مستقبل میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو روکنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کئی ایک اہم منصوبوں پر کام جاری ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے صوبائی سیکرٹریز آبپاشی کے ساتھ مشاورت کے بعد سیلاب کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات کی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس سلسلے کے پروگرام کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ مینجمنٹ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر جامع پالیسی بنائی جا رہی ہے تاکہ سیلابی نقصانات کی روک تھام کا مستقل حل نکالا جا سکے۔