وزیراعظم نے بی آئی ایس پی کے تحت سماجی تحفظ اکاؤنٹ کااجرا کردیا

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سماجی تحفظ اکاؤنٹ کااجرا کردیا۔ بی آئی ایس پی کے تحت سماجی تحفظ اکاؤنٹ کے اجرا کی تقریب جمعہ کو منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب، وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ مری اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال 3 لاکھ نئے افراد کو پروگرام میں شامل کیا جائیگا۔ سماجی تحفظ اکاؤنٹ سے پروگرام میں شفافیت آئے گی۔ بی آئی ایس پی کے تحت رجسٹرڈ افراد بینک کے اکاؤنٹ ہولڈر ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ عوامی فلاحی منصوبے کا خواب شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے دیکھا تھا، محترمہ بے نظیر بھٹو کے خواب کو آصف زرداری اور ان کی ٹیم نے عملی جامہ پہنایا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 3 کروڑ 30 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے، موجودہ حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما ہوئی، پاکستان جلد اپنے پاؤں پر کھڑ ا ہوگا.