اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ن لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری سمیت پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دیدیا۔ تفصیل کے مطابق مفتاح اسماعیل نے سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کے نام خط میں سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے کے علاوہ تمام پارٹی کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ خط کے متن میں مفتاح اسماعیل نے موقف اپنایا ، وقت آ گیا ہے اس حقیقت کو باضابطہ منظر عام پر لے آؤں جو سچ بھی ہے تاکہ آگے بڑھ سکوں۔پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ نہ صرف جماعت بلکہ حکومت کے حوالے سے ذمہ داریاں دے کر مجھ پر اعتماد کیا۔ قائد محمد نوازشریف اور پارٹی صدر شہباز شریف۔جھ پر بڑے مہربان رہے۔میں ان کے اعتماد اور حمایت پر ہمیشہ ان کا شکرگزار رہوں گا۔ آپ(احسن اقبال)، خواجہ آصف، ایاز صادق، پرویز رشید، شاہد خاقان عباسی سمیت پارٹی کی سینئر قیادت اور بہت سے دیگر راہنما مجھ پر بڑے مہربان رہے۔میں آپ کی قیادت اور دوستی کے لئے اپنا شکریہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔اگرچہ عملی سیاست میں متحرک نہیں ہوں گا لیکن میں ملک میں سماجی لحاظ سے منصفانہ،معاشی طور پر مستحکم اور اچھی حکمرانی والا پاکستان بنتے دیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہوں، مفتاح اسماعیل نے کہا میں آپ کے لئے، پارٹی اور قیادت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔یاد رہے کہ مفتاح اسماعیل دو بار پاکستان کے وزیر خزانہ رہے۔ مفتاح اسماعیل وفتاً فوقتاً میڈیا اور سوشل میڈیا پر حکومتی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔چند روز قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ ن لیگ نے مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے فارغ کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Load/Hide Comments



