غیر متوقع سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا،شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شدید موسم کے باعث غیر متوقع سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی لیڈرز سے بات چیت کے دوران پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو درپیش بحرانوں پر توجہ دلائی،بحرانوں کی وجہ بننے والے شاکس نے ترقی کی رفتار کو سست کیا،سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث کمر توڑ مہنگائی ہوئی اور اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ شدید موسم کے باعث غیر متوقع سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا،دنیا معیشت اور موسم کو سمت درست کرنے کے لئے موقع کے طور پر استعمال کرے۔ عالمی مالیاتی ادارے اپنے پروگرامز کو پائیدار ترقی کے اہداف اور موسمیاتی انصاف کے اہداف سے مطابقت دیں۔