نو اور دس مئی کو پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا، پاکستان دشمن جماعت ہے، امیر مقام

پشاور(آن لائن)مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ شاہ جی گل آفریدی کی سیاسی جماعت تحریک اصلاحات کی مسلم لیگ (ن) میں ضم ہونے سے سابق FATA اور پشاور ڈویڑن میں سبز انقلاب آئے گا جس کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ پہلی دفعہ خود آنے کا مقصد بھی یہ ہے کہ ان کو معلوم رہے کہ ہمیں ان کی اہمیت کا کتنا احساس ہے۔ مشیر نے کہا کہ میں اپنی لیڈرشپ اور تمام ورکروں کی جانب سے ایک دفعہ پھر شاہ جی گل آفریدی کو مبارک باد دیتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نو اور دس مئی کو پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے کہ وہ پاکستان دشمن جماعت ہے، اب وہ ماضی بن چکی اور دوبارہ کبھی اقتدار میں نہیں آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ملک کو مسائل کا حل اور ویکسین صرف اور صرف نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) ہے۔ مشیر نے کہا کہ آئندہ جنرل انتخابات کے بعد قائد نواز شریف کی قیادت میں ملک و مشکلات سے نکالیں گے۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ مسلم لیگ کے ورکروں خصوصاً صوابی، مردان، پشاور ڈسٹرکٹ، پشاور سٹی اور ضلع خیبر کے تمام لیڈرشپ اور کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انکا شاندار استقبال کیا۔ الحاج شاہ جی گل آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن میں اس لیے شمولیت اختیار کی کہ نواز شریف ہی اصلی معنوں میں عوام کے مسائل کو حل کر سکتے ہیں اور ملک کو موجودہ بہرانوں سے نکالیں گے۔ انجینئر امیر مقام نے اعلان کیا کہ 16 جولائی کو شاہ جی گلآفریدی کی شمولیت کی خوشی میں عظیم الشان جلسہ عام ہوگا جس میں دیگر نمایاں سیاسی شخصیات سمیت پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی شرکت کریں گی۔