اسلام آباد(آن لائن) پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ آئین کے اندر لکھا ہے کہ الیکشن ہونے چاہئیں، تحریک انصاف کی الیکشن کی تیاری مکمل ہے جب بھی عام انتخابات کا اعلان ہوا تو ہماری پارٹی تیار ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر اسد عمر سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے یا کسی اور پارٹی سے۔ جس پر انھوں نے جواب دیا کہ ”ٹکٹ ملے گا تو ضرور لڑیں گے“۔ اسد عمر کے جواب میں ابہام باقی رہ گیا، ان کے ٹکٹ ملنے سے مراد پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہے یا کسی اور جماعت کا ٹکٹ مراد لیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے اندر لکھا ہے کہ الیکشن ہونے چاہئیں۔تحریک انصاف کی الیکشن کی تیاری مکمل ہے جب بھی عام انتخابات کا اعلان ہو تو ہماری پارٹی تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میئر کا الیکشن ہو یا آزاد کشمیر کا الیکشن سب پر تحفظات موجود ہیں تمام ہی پارٹیوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے شفاف الیکشن کی راہ ہموار نہ کی تو ماضی کے انتخابات میں جو مسائل درپیش آئے وہی مستقبل میں بھی ہوں گے۔ الیکشن ہونے کے بعد لوگ کہیں گے کہ دھاندلی ہوگئی۔تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ میں اسد عمر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش ہوئے عدالت نے حکم دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز پر جوڈیشل کمپلکس میں سماعت ہو گی آپ بھی وہاں پیش ہوں۔عدالت نے اسد عمر سمیت دیگر ملزمان کو بھی جوڈیشل کمپلکس پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
Load/Hide Comments



