عالمی اسٹیبلشمنٹ نے نواز شریف کو سی پیک کے جرم میں تاحیات نااہلی کی سزا دلوائی، رانا تنویر حسین

مریدکے (آن لائن)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ نے میاں نواز شریف کو سی پیک کے جرم میں تاحیات نااہلی کی سزا دلوائی۔ عمران خان امریکہ، بھارت اور یہودیوں کا ایجنٹ تھا اور وہ آج بھی اس کے پیچھے ہیں۔محلہ نور پورہ داؤکے میں سوئی گیس فراہمی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر امیدوار پنجاب اسمبلی چودھری محمد ارشد ورک، سابق وائس چیئرمین بلدیہ مریدکے رانا ماجد نواز، یوتھ ونگ رہنما انعام اللہ ورک، حاجی طیب منج، غلام نبی منج، جہانگیر خاں، محمد افضل مغل، رانا اسد علی، سجاد علی بھٹی، خواجہ عمران حمید اور حاجی شیخ محمد شان کے ہمراہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ امریکہ کے حکم پر عمران خان نے پاکستان کی ترقی کے منصوبے روک دیئے اور پانچ سال تک ملکی ترقی کا پہیہ جام رکھا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت عمران خان کی پاکستان دشمن خدمات پر اسے سلام پیش کرتا ہے اور بھارت 70 سال میں پاکستان کا جونقصان نہ کرسکا بھارتی ایجنٹ عمران خان نے فوری کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے ضامن سی پیک منصوبوں سمیت دیگر اہم منصوبوں کے خفیہ سمجھوتے امریکہ کے حوالے کرکے عمرانی فتنے نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس نے قومی معیشت کو ڈبو کر رکھ دیا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 80 فیصد عوام عمران خان کو ملک دشمن تسلیم کرچکے ہیں اور اس سے بیزاری کا اظہار کررہے ہیں اور بہت جلد پورا ملک اس کے مکروہ چہرے کو دیکھ سکے گا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ عوام افواج پاکستان پر حملے کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے جبکہ حکومت انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر دم لے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ترقی کے تمام منصوبوں کے روح رواں میاں نواز شریف برادران ہیں اور آئندہ بھی ملک کو ترقی کی طرف لیجائیں گے۔