انسانی اسمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری کی ہدایات کر دی۔وزیرِ اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی اسمگلروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے انسانی اسمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔وزیرِ اعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔ یونان کے قریب بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 79 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے 27 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی جبکہ 50 سے زائد لاپتہ ہیں.