بیجنگ (آن لائن )امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن دورہ چین کے لیے بیجنگ پہنچ گئے جہاں انہوں نے چینی ہم منصب چن گانگ سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں تعلقات ،اہم علاقائی و عالمی اور دونوں ممالک کے مابین مسائل پربات چیت کی گئی ۔ امریکی وزیر خارجہ کا 2 روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچنے پر پْرتپاک استقبال کیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور سے شروع ہونے والے تنا ؤ اور کشیدگی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کوئی اعلیٰ امریکی عہدیدار چین پہنچا ہو۔ امریکی سیکرٹری خارجہ چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ ژی اور ممکنہ طور پر صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دشمنی کو کسی تنازع میں ڈھلنے سے روکنے کے لیے وسیع اور پائیدار رابطوں کے ذرائع قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ اس سفر کے تین اہم مقاصد ہیں جن میں بحران سے نمٹنے کے لیے میکانزم قائم کرنا،امریکی اوراتحادیوں کے مفادات کو آگے بڑھانا اورمتعلقہ خدشات کے بارے میں براہ راست بات کرنا، اورممکنہ تعاون کے شعبوں کو تلاش کرناشامل ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ انٹونی بلنکن کا دورہ آنے والے مہینوں میں سیکریٹری خزانہ جینٹ ییلن اور سیکریٹری تجارت جینا ریمونڈو کے ممکنہ دورے سمیت مزید دوطرفہ ملاقاتوں کی راہ ہموار کرے گا۔یہ دورہ رواں برس کے آخر میں کثیرالجہتی سربراہی اجلاسوں میں شی جن پنگ اور جو بائیڈن کے درمیان ملاقاتوں کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے، گزشتہ روز جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ آئندہ چند ماہ میں چینی صدر شی جپنگ سے ملاقات کے لیے پْرامید ہیں۔
Load/Hide Comments



