کراچی (آن لائن)بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی ماضی قریب میں بیک وقت 3 نامزد عہدوں ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ کے عہدوں پر رہنے کے بعد میئر کراچی کے منتخب عہدے پر بھی فائز ہوگئے۔ 25 دسمبر 1983 ء کو کراچی میں پیدا ہوئے نومنتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنی مرحومہ والدہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر راہنما فوزیہ وہاب صدیقی کے انتقال کے بعد عملی سیاست کا آغاز پیپلز پارٹی کے ہی پلیٹ فارم سے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نیان کی قابلیت دیکھتے ہوئے 2015 ء میں انہیں اپنا مشیر بنالیا۔قبل ازیں انہوں نے گورنمنٹ کامرس کالج کراچی میں تعلیم پائی، جب کہ قانون کی ڈگری یونیورسٹی آف لندن سے حاصل کی۔ان کے والد وہاب صدیقی مرحوم شعبہ صحافت سے وابستہ تھے، جب کہ والدہ فوزیوہاب رکن قومی اسمبلی رہی ہیں۔مرتضیٰ وہاب مشیر قانون کے بعد 2016 ء میں اینٹی کرپشن کے مشیر بنے، پھر 2017ء میں سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی بنے۔مرتضیٰ وہاب 2018 ء میں دوبارہ مشیر قانون اور اینٹی کرپشن بنے اور جلد محکمہ اطلاعات کا قلمدان بھی حاصل کرنے میں کام یاب ہوگئے جب کہ 2019 ء میں مشیر محکمہ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات، کوسٹل ڈویلپمنٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں سندھ حکومت کا ترجمان بھی مقرر کردیا گیا۔ 2021 ء میں مرتضیٰ وہاب بیک وقت ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان سندھ حکومت کے عہدوں پر فائز رہے۔انہوں نے 2018 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر حلقہ پی ایس -111 سے سندھ اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا، لیکن پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل سے شکست کھا گئے۔ کراچی میں 15 جنوری کو ہوئے بلدیاتی انتخابات میں گو مرتضیٰ وہاب نے الیکشن نہیں لڑا، مگر پیپلز پارٹی نے میئر کراچی کے عہدے کے لیے کئی ناموں پر غور کے بعد انہیں امیدوار نامزد کردیا.
Load/Hide Comments



